بنگلورو،3؍ جولائی(ایس او نیوز)چند برس قبل آگ حادثہ کے سبب سرخیوں میں چھائی رہنے والی عمارت اولڈ ایرپورٹ روڈ کی کارلٹن ٹاورس کو بی بی ایم پی نے دوبارہ استعمال کیلئے اجازت دے دی ہے ۔اس شاپنگ کامپلکس میں ہوئے آگ حادثہ اور اموات کے بعد ریاستی حکومت نے اس عمارت کو ناقابل استعمال قرار دیتے ہوئے برسوں تک خالی رکھاتھا، تاہم حال ہی میں محکمۂ توانائی ، بجلی اور فائر فورسس نے اس کے استعمال کو منظوری دی ۔ آج کارلٹن ٹاورس مالکان اسوسی ایشن کے صدر گری راج سدا شیو نے یہ بات کہی۔انہوں نے کہاکہ ٹاور میں 160 سے زائد دکانیں ہیں۔ پچھلے آگ حادثہ کو دیکھتے ہوئے آئندہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہونے پائے اس کیلئے بین الاقوامی معیار کی احتیاطی تدابیر اپنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس عمارت میں حفاظتی انتظامات کیلئے بی بی ایم کی تمام شرائط کی تکمیل کی گئی ہے اور اضافی طور پر حفاظتی آلات مہیا کرائے گئے ہیں۔کارلٹن ٹاور کے تینوں داخلی دروازوں کو اس طرح کشادہ رکھا گیا ہے کہ فائر فورس کی گاڑیاں آسانی سے آجاسکیں۔ کارلٹن ٹاور کی نچلی منزل میں مکمل طور پر کار پارکنگ وغیرہ کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ یکم جولائی کو ہی بی بی ایم پی کی طرف سے اس کارلٹن ٹاور کو استعمال کے قابل قرار دیتے ہوئے منظوری نامہ دیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمارت کے تمام حصوں کوجدید ترین حفاظتی آلات سے لیس کیاگیاہے، ساتھ ہی آگ حادثوں کی صورت میں بچاؤ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔